سیالکوٹ ،باغی ٹی وی(مدثر رتو، سٹی رپورٹر ) سٹیٹ بینک آف پاکستان کے زیر اہتمام پاکستان فنانشل لٹریسی ویک 2025 (پی ایف ایل ڈبلیو) کے سلسلے میں سیالکوٹ میں ایک فنانشل لٹریسی واک کا انعقاد کیا گیا۔ گورنمنٹ کالج وویمن یونیورسٹی میں منعقدہ اس واک کی صدارت رکن صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام اور چیف مینیجر اسٹیٹ بینک آف پاکستان فوزیہ اسلم نے کی۔
اس واک میں مختلف سرکاری و نجی مالیاتی اداروں، سماجی تنظیموں کے نمائندگان اور طالبات کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مہمان خصوصی اور رکن صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس واک کا بنیادی مقصد مالی آگاہی، مالی شمولیت اور معاشی خود مختاری کو فروغ دینا ہے۔
چیف مینیجر اسٹیٹ بینک فوزیہ اسلم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اس سال فنانشل لٹریسی ویک کا عنوان ’’مالیاتی شمولیت بذریعہ تعاون اور اختراع‘‘ رکھا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان سرگرمیوں کا مقصد عام افراد کو بہتر مالی فیصلے کرنے کے قابل بنانا، ڈیجیٹل مالیاتی سہولیات کو اپنانے کی ترغیب دینا اور پاکستان کی معاشی ترقی میں فعال کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے ملک بھر میں مالی خواندگی اور شمولیت کے فروغ میں مدد ملے گی۔
فوزیہ اسلم نے طالبات سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ مالیاتی خواندگی زندگی کی اہم مہارتوں میں سے ایک ہے جس کے ذریعے وہ باخبر مالی فیصلے کر سکیں گی اور اپنی زندگی بھر اپنے پیسوں کا مؤثر طریقے سے انتظام کر سکیں گی۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ مالیاتی خواندگی ہفتہ کی یہ سرگرمیاں افراد کو صحیح مالی فیصلے کرنے، ملکی معاشی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے اور مالی خواندگی کی مطلوبہ سطح تک پہنچنے کے لیے ضروری علم اور وسائل فراہم کریں گی۔
افتتاحی تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر سمیت خواتین یونیورسٹی کی طالبات بھی موجود تھیں۔