سیالکوٹ،باغی ٹی وی (بیوروچیف شاہدریاض) اقلیتی خاندانوں کے لیے مالی امداد، کرسمس پر فول پروف سیکیورٹی کا اعلان

تفصیل کے مطابق ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے ہزار مستحق اقلیتی خاندانوں کے لیے سہ ماہی مالی امداد کی فراہمی کا اعلان کیا ہے۔ اس کے لیے رجسٹریشن 5 جنوری تک آن لائن پورٹل mcard.punjab.gov.pk پر جاری ہے۔

مسیحی، ہندو، سکھ اور دیگر اقلیتی مذاہب کے شناختی کارڈ رکھنے والے خاندان اس پروگرام میں درخواست دے سکتے ہیں۔ مزید رہنمائی کے لیے 1040 ہیلپ لائن پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

یہ بات انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر انعم بابر اور مسیحی عمائدین کے ہمراہ کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب میں کہی۔ اس موقع پر محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور کے عہدیداران اور کمیونٹی کے دیگر نمایاں افراد موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کرسمس کے موقع پر اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی انجام دے گی۔ ضلع بھر کے چرچز اور کرسمس تقریبات کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی تاکہ مسیحی برادری اپنے تہوار کو پرامن اور محفوظ ماحول میں منائے۔

Shares: