سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے دانش سکول سنٹر آف ایکسی لینس میں آرٹس ایگزیبیشن کے دوران طلباء کے فن پاروں کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ فائن آرٹس ایک گہرائی رکھنے والا تصوراتی علم ہے، جس میں فنکار اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعے دنیا کے پوشیدہ رازوں کو ایک جدید طرز میں سامنے لاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فائن آرٹس کو عام طور پر ایک آسان علم سمجھا جاتا ہے، جبکہ حقیقت میں یہ دیگر علوم کی نسبت زیادہ گہرا علم ہے، اور اس میں وہی افراد کامیاب ہو سکتے ہیں جو غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل ہوتے ہیں۔
آرٹس ایگزیبیشن میں مہمان خصوصی عالمی شہرت یافتہ خطاط تابش سیالوی، کیلیگرافر عبداللہ ہاشمی، پرنسپل شہباز حسن اور فاضل بختیار قریشی بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے فنون لطیفہ کی مختلف شاخوں جیسے خطاطی، پینٹنگ، موسیقی، مجسمہ سازی، فوٹو گرافی اور فیشن ڈیزائننگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی میں ترقی نے فائن آرٹس کے شعبے میں بھی انقلاب برپا کیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ذوالقرنین نے طلباء کی کیلیگرافی کے میدان میں کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ اس صلاحیت کو مزید نکھار کر اسے روزگار کا ذریعہ بنایا جا سکتا ہے۔