سیالکوٹ،باغی ٹی وی(سٹی مدثر رتو) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے اعلان کیا کہ اپریل کے آخر میں شہری و دیہی علاقوں میں فلڈ پروٹیکشن ماک ایکسرسائز منعقد ہوگی۔ اس کا مقصد محکموں کی سیلاب سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ اور رابطوں کو بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ 19 اپریل تک تمام اسسٹنٹ کمشنرز ندیوں اور نالوں کے حفاظتی بندوں کی معائنہ رپورٹ جمع کرائیں۔
ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے اجلاس میں ڈی سی نے کہا کہ متعلقہ ادارے، بشمول سول ڈیفنس، میونسپل کارپوریشن اور ریسکیو 1122، فلڈ فائٹنگ آلات اور تیاریوں کے سرٹیفکیٹس پیش کریں گے۔ انہوں نے ریسکیو 1122 پر جعلی کالز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ وسائل کے ضیاع اور جان و مال کے نقصان کا باعث بنتی ہیں۔ انہوں نے والدین و اساتذہ سے بچوں کو پرینک کالز سے روکنے کی اپیل کی۔
مزید برآں، ڈی سی نے انڈر ایج موٹرسائیکل ڈرائیونگ کی 70 فیصد سے زائد حادثاتی شرح کو قانونی و اخلاقی جرم قرار دیتے ہوئے معاشرے سے اس کے تدارک کا مطالبہ کیا۔