سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) محکمہ اوقاف سیالکوٹ میں کرپشن کے بڑھتے ہوئے واقعات پر قابو پانے کے لیے سرکل آفیسر اینٹی کرپشن ملک ندیم منور نے اہم کارروائی کرتے ہوئے منیجر اوقاف ڈسٹرکٹ سیالکوٹ افتخار احمد کے دفتر پر چھاپہ مارا۔ اس کارروائی کے دوران غیر قانونی طور پر رکھی گئی نیشنل بینک اور ڈسٹرکٹ خطیب اوقاف کی سرکاری سیلیں برآمد کی گئیں۔
تفتیش کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ منیجر افتخار احمد سلہری نے چند ملازمین کے ساتھ ملی بھگت کر کے درباروں کے خزانوں سے لاکھوں روپے خردبرد کیے ہیں۔ اس انکشاف پر عقیدت مندوں اور علاقے کے لوگوں میں شدید تشویش پائی گئی اور انہوں نے سرکل آفیسر اینٹی کرپشن کی اس کارروائی کو سراہا اور ان کے حق میں نعرے بھی بلند کیے۔
علاوہ ازیں، اس کرپشن کے معاملے میں اعلیٰ افسران کی ممکنہ منتھلی لینے کی خبریں بھی زیر بحث آئیں۔ سرکل آفیسر نے منیجر اوقاف افتخار احمد سلہری سے سیلوں سمیت دیگر ریکارڈ کو ضبط کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ اس کیس میں مزید پیش رفت کے تحت چار افراد کو حراست میں بھی لے لیا گیا ہے۔