سیالکوٹ (باغی ٹی وی، ڈسٹرکٹ رپورٹر مدثر رتو) سیالکوٹ کے نواحی علاقے کوٹلی لوہاراں میں واپڈا کے چار ملازمین مین لائن پر کام کے دوران کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گئے۔ حادثہ شیرپور کے قریب چک کریم کے پاس اس وقت پیش آیا جب لائن کی مرمت کے دوران بجلی اچانک بحال ہو گئی۔

جاں بحق ہونے والوں میں محمد اکرم (لائن مین)، کلیم اللہ (اسسٹنٹ لائن مین)، عرفان باجوہ (لائن مین) اور محمد راحیل (اسسٹنٹ) شامل ہیں جو سب کوٹلی لوہاراں سب ڈویژن سے تعلق رکھتے تھے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں تاہم چاروں ملازمین موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

پولیس اور واپڈا حکام نے جائے حادثہ پر پہنچ کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ بجلی کی سپلائی کی غلط ٹائمنگ اور کوآرڈینیشن کی کمی کے باعث پیش آیا۔ مقامی عوام اور یونین نمائندوں نے افسوسناک حادثے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے واپڈا حکام سے حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

Shares: