سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)بیگو والا میں الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام فری میڈیکل کیمپ، 200 سے زائد مریضوں کا مفت معائنہ
تفصیل کے مطابق شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ حضرت امیر عبدالقدیر اعوان مدظلہ العالی کی زیرنگرانی فلاحی تنظیم الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت موضع بیگو والا میں ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔
کیمپ میں مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ماہر ڈاکٹرز نے شرکت کی، جن میں چائلڈ اسپیشلسٹ ڈاکٹر غلام عباس باجوہ، شوگر و بلڈ پریشر اسپیشلسٹ ڈاکٹر مقصود، اور فزیوتھراپسٹ ڈاکٹر عمران شامل تھے۔ انہوں نے 200 سے زائد مریضوں کا مفت طبی معائنہ کیا اور ادویات بھی فراہم کیں۔
اس موقع پر علاقہ کی سیاسی و سماجی شخصیات اور معززین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی جنہوں نے الفلاح فاؤنڈیشن کے اس انسان دوست اقدام کو سراہا۔ مریضوں اور اہل علاقہ نے ادارے کا شکریہ ادا کیا اور شیخ سلسلہ عالیہ کو دعاؤں سے نوازا۔
الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان کے ذمہ داران کا کہنا تھا کہ پسماندہ علاقوں میں فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد کا مقصد عوام کو ان کے دروازے پر صحت کی سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ ماہر ڈاکٹروں سے فائدہ اٹھا سکیں۔
یاد رہے کہ الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان گزشتہ کئی سالوں سے ملک بھر میں فلاحی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہے اور اس کا دائرہ کار مسلسل بڑھ رہا ہے۔ تنظیم نے عزم ظاہر کیا کہ یہ سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔