سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض) نوکرانی کے بھیس میں چوری کرنے والا 3 رکنی گینگ گرفتار، 52 لاکھ روپے اور زیورات برآمد
تفصیل کے مطابق تھانہ اگوکی کے علاقے کھوکھر ٹاؤن میں شہری علاؤالدین کے گھر سے نوکرانی کے بھیس میں کام کرنے والی دو خواتین نے چوری کی واردات انجام دی۔ شہری کی درخواست کے مطابق 11 ستمبر 2024 کو دو نامعلوم خواتین نے صفائی کے کام کے بہانے اس کے گھر میں ملازمت اختیار کی۔ یہ خواتین تقریباً 6 دن کام کرتی رہیں لیکن پھر اچانک بغیر اطلاع کے غائب ہوگئیں۔ جب 21 ستمبر کو شہری کی بیوی نے اپنی الماری چیک کی تو زیورات اور نقدی غائب تھی۔ پولیس نے چوری کی واردات کا مقدمہ درج کر لیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ رانا عمر فاروق کی خصوصی ہدایت پر ایس پی انویسٹی گیشن اور ڈی ایس پی صدر سرکل کی نگرانی میں پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور محکمانہ وسائل بروئے کار لاتے ہوئے چوری میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار شدہ خواتین میں نبیلہ عرف رضیہ اور فاطمہ عرف سونیا شامل ہیں جبکہ ملزمہ نبیلہ کا بیٹا عمر فاروق موٹر سائیکل پر ان کے ساتھ واردات میں شامل تھا۔
تفتیش کے دوران ملزمان نے اعتراف کیا کہ وہ گھروں میں صفائی کے کام کا بہانہ بنا کر سیف اور لاکر وغیرہ سے زیورات اور نقدی چرا کر فرار ہو جاتے تھے۔ پولیس نے ان کے قبضے سے مسروقہ مال، جن میں چار طلائی چوڑیاں اور 52 لاکھ روپے شامل تھے، برآمد کر لیے۔








