سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہدریاض کی رپورٹ) بیوروچیف شاہد ریاض کے مطابق تھانہ ہیڈ مرالہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے لڑکے سے اجتماعی زیادتی کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محمد نواز کی جانب سے تھانہ ہیڈ مرالہ میں دی گئی درخواست کے مطابق اس کا بھتیجا محمد شعبان، جو کہ تقریباً 18 سال کا ہے، مین بازار گوندل میں سامان لینے گیا تھا۔ وہاں ملزمان رخسار عرف رکی ولد گلزار احمد اور ثناء اللہ عرف پاں ولد شمس عرف ٹونڈا نے اسے موٹرسائیکل پر اغوا کیا اور رڈیال گاؤں کے قبرستان کے قریب اسلحہ کے زور پر زبردستی زیادتی کی۔ ملزمان نے واقعے کی ویڈیو بھی بنائی اور دھمکی دی کہ اگر اس نے کسی کو بتایا تو ویڈیو وائرل کر دی جائے گی اور جان سے مار دیا جائے گا۔
اس واقعے کی اطلاع پر فوری نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ نمبر 654/24 درج کیا گیا۔ ڈی پی او سیالکوٹ رانا عمر فاروق کی ہدایت پر ڈی ایس پی صدر سرکل کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ ہیڈ مرالہ سب انسپکٹر کاشف علی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو قلیل وقت میں ٹریس کر کے گرفتار کر لیا۔
ڈی پی او نے اس موقع پر کہا کہ کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور غیر انسانی سلوک کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ متاثرہ بچے کی والدہ کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔








