سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)عیدالاضحیٰ قریب آتے ہی سیالکوٹ میں صفائی ستھرائی کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا عملہ کچرا اٹھانے کے بجائے سرکاری لوڈر گاڑی پر قربانی کے بکرے لوڈ کر کے خریداروں کے گھروں تک پہنچا رہا ہے، جس کی ویڈیو کلپ بھی منظرعام پر آ چکی ہے۔

یہ معاملہ صرف محکمے کی نااہلی نہیں بلکہ افسران کی مبینہ ملی بھگت کا شاخسانہ بھی ہے۔ گلی محلوں، چوکوں اور سڑکوں پر جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر لگے ہیں، بڑے نالے اور نالیاں غلاظت سے اَٹی پڑی ہیں جبکہ سیوریج سسٹم بری طرح ناکارہ ہو چکا ہے۔ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، واٹر سپلائی کا نظام جگہ جگہ بند پڑا ہے اور متعلقہ عملہ صرف تنخواہیں لینے اور دیہاڑیاں لگانے میں مصروف دکھائی دیتا ہے۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی یہ حرکت نہ صرف عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچا رہی ہے بلکہ صفائی کے بجٹ اور سرکاری وسائل کا بھی مذاق بنا دیا گیا ہے۔ عید کے اہم موقع پر جب صفائی کے خصوصی اقدامات کی ضرورت ہوتی ہے، عملہ جانوروں کی نقل و حمل میں مصروف نظر آ رہا ہے۔

عوام نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، کمشنر گوجرانوالہ نوید حیدر شیرازی، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صباء اصغر علی، اسسٹنٹ کمشنر انعم بابر اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ اس سنگین بدانتظامی کا نوٹس لیا جائے اور جو افسران و اہلکار اس عمل میں ملوث پائے جائیں، ان کے خلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے ملازمت سے برخاست کیا جائے۔

Shares: