سیالکوٹ(بیورورپورٹ)سیالکوٹ کی ایک نجی یونیورسٹی میں "یو آئی گرین میٹرک رینکنگ” کے حوالے سے دو روزہ ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا۔ اس ورکشاپ کا مقصد ماحولیاتی تبدیلیوں اور توانائی کے مسائل پر آگاہی پیدا کرنا تھا۔

تقریب کے مہمان خصوصی گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے ماحولیاتی تبدیلیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان مسائل سے نمٹنے کے لیے اس طرح کی ورکشاپس اور سیمینارز وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ گورنر پنجاب نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں اپنی نئی نسل کو موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں آگاہ کرنا ہوگا اور اس حوالے سے پاکستان اقوام متحدہ میں بھی اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

گورنر نے کہا کہ حالیہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پنجاب کا بڑا حصہ سیلاب سے متاثر ہوا ہے۔ ہمیں اپنی سوچ بدلنی ہوگی اور ایک قوم کی حیثیت سے سیلاب متاثرین کی مدد کرنی ہوگی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تمام یونیورسٹیوں میں ماحولیاتی موضوعات پر نئے پروگرامز اور ڈگریاں متعارف کروائی جائیں گی تاکہ اس مسئلے کا بہتر حل تلاش کیا جا سکے۔

ورکشاپ کے دوران "گرین کیمپس”، "انرجی پروڈکشن” اور "آلودگی” جیسے اہم موضوعات پر ماہرین نے اظہارِ خیال کیا۔ شرکاء نے بتایا کہ اس ورکشاپ سے تیار ہونے والا روڈ میپ حکومت کو پیش کیا جائے گا تاکہ ماحولیاتی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جا سکیں۔

Shares: