سیالکوٹ (باغی ٹی وی سٹی رپورٹر مدثر رتو) سیالکوٹ میں ضلعی انتظامیہ اور سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (SWMC) نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر "ستھرا پنجاب پروگرام” کے تحت گرینڈ صفائی آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے آپریشن کی تفصیلات سے میڈیا کو آگاہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر کے مطابق عید کے تینوں ایام کے دوران ضلع بھر سے مجموعی طور پر 11,857 میٹرک ٹن آلائشیں اٹھائی گئیں، جنہیں ماحولیاتی اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے 7 مختلف ڈمپنگ سائیٹس پر محفوظ انداز میں تلف کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ شدید گرمی کے باوجود صفائی عملے نے غیر معمولی محنت، جذبے اور فرض شناسی سے کام کیا۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیالکوٹ کی چاروں تحصیلوں میں 25 کلیکشن پوائنٹس قائم کیے گئے تاکہ شہریوں کو بروقت سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اس گرینڈ صفائی آپریشن میں 4052 صفائی ورکرز اور 1191 گاڑیاں و مشینری شریک رہیں۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ "ستھرا پنجاب” پلیٹ فارم پر موصول ہونے والی 1495 عوامی شکایات جبکہ اسپیشل برانچ کی 294 شکایات پر بھی فوری ردعمل دیا گیا اور ان کا بروقت ازالہ کیا گیا۔

صفائی عملے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے کہا کہ ان کی محنت قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے صفائی عملے کے لیے فی کس 10 ہزار روپے انعام کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام ان کے حوصلے اور خدمات کے اعتراف کے طور پر اہم سنگ میل ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ بھی سیالکوٹ میں صفائی اور شہری سہولیات کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا جائے گا اور "ستھرا پنجاب” پروگرام کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔

Shares: