سیالکوٹ(باغی ٹی وی ،ڈسٹرکٹ رپورٹرمدثررتو)سیالکوٹ میں ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی کی ہدایت پر نالہ ایک پر تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی اسسٹنٹ کمشنر رانا صفدر شبیر کی سربراہی میں موضع کاکےوالی اور لنگڑیالی کے علاقوں میں کی گئی، جہاں نالہ ایک کے حفاظتی بندھ کے ساتھ تعمیر کی گئی بائیس پختہ تجاوزات کو مسمار کر دیا گیا۔ اس دوران دو کلومیٹر ایریا کو مکمل طور پر تجاوزات سے پاک کر لیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق آپریشن کے نتیجے میں تقریباً 43 مرلے سرکاری زمین، جس کی مالیت پانچ کروڑ روپے سے زائد ہے، واگذار کروا لی گئی۔ انسداد تجاوزات آپریشن میں ضلع کونسل، پولیس، آبپاشی، ریونیو اور گیپکو کے افسران و عملہ شریک تھا۔

ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے کہا کہ شہر میں تجاوزات کے خاتمے کی مہم بھرپور انداز میں جاری ہے، اور نالہ ایک کو مکمل طور پر کلیئر کرنے تک کارروائی جاری رہے گی۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بھی نالہ ایک نیکاپورہ تا بن پھاٹک تلواڑہ تک تجاوزات ختم کی جا چکی ہیں۔

Shares: