سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو)گورنمنٹ بوائز ہائی سکول کوٹلی لوہاراں کی گراونڈ ایک سال سے تالاب کا منظر پیش کر رہی ہے، جس کی وجہ سے نوجوان کھیلوں سے دور ہو کر اخلاقی برائیوں کی طرف مائل ہو رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق تحصیل سیالکوٹ کی واحد ٹاؤن کمیٹی کوٹلی لوہاراں کی نااہلی کے باعث ٹی ایم اے ایک سال گزرنے کے باوجود گراونڈ سے نکاسی آب کے مسئلے کو حل نہیں کر سکا۔ کرکٹ، فٹبال، دوڑ اور کبڈی سمیت دیگر کھیلیں مکمل طور پر معطل ہیں، جس سے علاقے کے نوجوان شدید مایوسی کا شکار ہیں۔

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ، اسسٹنٹ کمشنر، اور چیف آفیسر کی کارکردگی پر مایوس کھلاڑیوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے اپیل کی ہے کہ گراونڈ کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ اس گراونڈ نے پاکستان کو اعجاز احمد، شعیب ملک اور زاہد فضل جیسے بین الاقوامی کھلاڑی دیے ہیں، لیکن اب یہ بے یار و مددگار چھوڑ دیا گیا ہے۔

نوجوانوں کا کہنا ہے کہ اگر گراونڈ کو آباد نہ کیا گیا تو علاقے میں کھیلوں کا مستقبل تاریک ہو جائے گا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے اپیل کی کہ خدارا گراونڈ پر رحم کریں اور کھیلوں کے میدان کو ایک بار پھر زندگی بخشیں۔

Shares: