سیالکوٹ (سٹی رپورٹر مدثر رتو)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اراکین صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ اور چوہدری فیصل اکرام کے ہمراہ گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔
دورے کے دوران صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے ہسپتال کے او پی ڈی میں مریضوں سے ملاقات کی اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اراکین صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ اور چوہدری فیصل اکرام نے ہسپتال میں طبی سہولیات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے جدید آلات کی فراہمی اور ٹراما سینٹر سمیت دیگر شعبہ جات میں بہتری کے حوالے سے مسائل کی نشاندہی کی۔ انہوں نے ٹراما سینٹر کی توسیع کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا تاکہ ایمرجنسی میں مریضوں کو بروقت طبی امداد فراہم کی جا سکے۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ گورنمنٹ سردار بیگم ٹیچنگ ہسپتال کی ری ویمپنگ جلد مکمل کی جائے گی، جس سے علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال پر دباؤ کم ہوگا۔ انہوں نے ادویات سمیت تمام طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن وسائل مہیا کرنے اور مریضوں کے علاج معالجے پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کا عزم کیا۔
صوبائی وزیر صحت نے مزید کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کی مسلسل نگرانی کے باعث حالات میں بہتری آ رہی ہے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور ایم ایس حضرات کو وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات سے آگاہ کیا کہ وہ ہسپتالوں کے روزانہ دورے کریں۔ انہوں نے تمام وارڈز میں ادویات کی فہرستیں اور ڈیوٹی روسٹرز نمایاں طور پر آویزاں کرنے پر زور دیا تاکہ مریضوں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
خواجہ سلمان رفیق نے واضح کیا کہ حکومت سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور مریضوں کے علاج و معالجہ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتالوں کے دورے جاری رہیں گے، جہاں مریضوں سے براہ راست طبی سہولیات پر فیڈ بیک لیا جائے گا اور ان کی شکایات پر موقع پر ہی ایم ایس صاحبان کو ہدایات جاری کی جائیں گی۔