سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو): ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے کہا ہے کہ اساتذہ ہی قوم کے حقیقی معمار ہیں، اور نئی نسل کی تعلیم و تربیت کی عظیم ذمہ داری ان کے کاندھوں پر ہے۔ اپنے پیشے سے مخلص اساتذہ معاشرے کا روحانی باب ہیں اور قابل فخر اساتذہ میں ”ہیرو ایوارڈ” کی تقسیم حکومت پنجاب کا ان کی خدمات کا اعتراف ہے۔
یہ بات انہوں نے گورنمنٹ جامع ہائی سکول سیالکوٹ میں عالمی یومِ اساتذہ 2024 کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں کہی، جس کا انعقاد ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی سیالکوٹ، TALEEM پروگرام، گلوبل پارٹنرشپ فار ایجوکیشن (GPE) اور یونیسف کے اشتراک سے کیا گیا تھا۔
ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہیرو ایوارڈز کا مقصد ان اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرنا ہے جو پنجاب کے تعلیمی اداروں میں بہترین خدمات انجام دے رہے ہیں اور معیاری تعلیم کی بہتری کے لیے نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ ہر تحصیل میں پرائمری، ایلیمنٹری، سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری اساتذہ کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔
سی ای او ایجوکیشن جاوید اقبال نے بتایا کہ ضلع سیالکوٹ کی ہر تحصیل میں مجموعی طور پر 19 اساتذہ کو ہیرو ایوارڈ دیا جا رہا ہے، جن میں 8 پرائمری سکول ٹیچرز، 5 ایلیمنٹری اسکول ٹیچرز، 5 سیکنڈری اسکول ٹیچرز، اور 1 سینئر سبجیکٹ اسپیشلسٹ شامل ہیں۔ ایوارڈ یافتگان کا انتخاب طلبہ کے نتائج، نظم و ضبط، کلاس روم مینجمنٹ، اور کمیونٹی انگیجمنٹ کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ سیکنڈری اسکول کے اساتذہ کو ان کی 9ویں، 10ویں اور انٹرمیڈیٹ کلاسوں کے نتائج کے پیش نظر منتخب کیا گیا، جبکہ سینئر سبجیکٹ اسپیشلسٹ اور ہیڈ ٹیچرز کو طلبہ کی تعداد میں اضافے اور نظم و ضبط کی بہتری کی بنا پر یہ اعزاز دیا گیا۔
آخر میں ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے اساتذہ کو اسناد اور ہیرو ایوارڈ بیجز تقسیم کیے، اور ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی مزید کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔