سیالکوٹ (بیوروچیف خرم میر)ڈویژنل کوآرڈینیٹر سوشل ویلفیئر و بیت المال گوجرانوالہ رانا علی یاسر اور ڈائریکٹر پروگرام لاہور مزمل یار نے سوشل ویلفیئر کمپلیکس سیالکوٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے دارالامان، ماڈرن چلڈرن ہوم اور صنعت زار کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے انیشیٹوز جیسے ہمت کارڈ، معاون آلات کی فراہمی اور دھی رانی پروگرام کی زمینی صورتحال کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سیالکوٹ شریف گھمن نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت 1200 خصوصی افراد کو سہ ماہی نقد امداد کی فراہمی کیلئے ہمت کارڈز جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ 200 مستحق افراد کو وہیل چیئرز اور دیگر معاون آلات فراہم کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دھی رانی پروگرام کی رجسٹریشن بھی مرحلہ وار جاری ہے، جس سے بے سہارا خواتین کو باعزت خود کفالت کی طرف گامزن کیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر ڈویژنل کوآرڈینیٹر رانا علی یاسر نے مختلف یونٹس کا جائزہ لیتے ہوئے سروسز کی بہتری پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب، وزیر اعلیٰ مریم نواز اور صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ کے ویژن کے مطابق معاشرے کے کمزور طبقات کو سہارا دینے کے لیے سرگرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستحق افراد تک ان کے حقوق کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے جاری منصوبوں کی سخت مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔
دورے کے موقع پر منیجر صنعت زار محمد غالب، انچارج ماڈرن چلڈرن ہوم اسماء احمد، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز ابرار عبداللہ ساہی، عدنان سرور، اشفاق نذر گھمن اور پیر غلام حسین سلطانی بھی موجود تھے۔