سیالکوٹ (بیوروچیف خرم میر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر صنعتی شہر سیالکوٹ میں محکمہ ویمن ڈویلپمنٹ پنجاب کے تحت ورکنگ ویمن کیلئے میگ ٹاؤن میں ایک جدید ہاسٹل قائم کر دیا گیا ہے۔ اس ہاسٹل میں فرنشڈ کمرے، صاف ستھرا ماحول، تمام بنیادی سہولیات اور مکمل طور پر آراستہ کچن موجود ہے، جبکہ رہائش کا کرایہ صرف ایک ہزار سے ڈیڑھ ہزار روپے ماہانہ مقرر کیا گیا ہے۔
یہ معلومات مینجر ورکنگ ویمن ہاسٹل ہاجرہ لیاقت نے میڈیا بریفنگ کے دوران فراہم کیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر تمام اضلاع میں محکمہ ویمن ڈویلپمنٹ کے زیر انتظام ایسے ہاسٹلز کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، تاکہ ورکنگ ویمن کو محفوظ، سستا اور آرام دہ رہائشی ماحول فراہم کیا جا سکے۔
ہاجرہ لیاقت کے مطابق سیالکوٹ میں کام کرنے والی خواتین، خواہ ان کا تعلق دیگر اضلاع یا سیالکوٹ کی دیگر تحصیلوں سے ہو، اس سہولت سے استفادہ کر سکتی ہیں۔ ہاسٹل میں مکمل سیکیورٹی کا بندوبست کیا گیا ہے، سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جاتی ہے، اور آن لائن حاضری کا نظام بھی نافذ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے خواہشمند افراد www.punjab.gov.pk پر وزٹ کر کے یا گوگل پلے اسٹور پر دستیاب مخصوص ایپ ڈاؤن لوڈ کر کے آن لائن اپلائی کر سکتے ہیں۔