مزید دیکھیں

مقبول

سیالکوٹ: سرحدی صورتحال کے پیش نظر ہاٹ لائن 1718 قائم، ڈی ای او سی میں فعال

سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض)ضلع سیالکوٹ میں بھارت کی جانب سے حالیہ سرحدی جارحیت کے تناظر میں سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ نے فوری طور پر الرٹ جاری کرتے ہوئے عوام کی سہولت اور بروقت رابطے کے لیے ہاٹ لائن قائم کر دی ہے۔ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صباء اصغر علی کی ہدایت پر یہ ہاٹ لائن ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر (DEOC) دفتر ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ میں مکمل طور پر فعال کر دی گئی ہے، جہاں شہری کسی بھی ہنگامی صورتِ حال، سرحدی کشیدگی، نقل مکانی یا ممکنہ خطرات کی اطلاع فوری طور پر دے سکتے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر صباء اصغر علی کے مطابق شہریوں کو کسی بھی ممکنہ ایمرجنسی، جانی یا مالی نقصان یا غیر معمولی سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر ہاٹ لائن نمبر 1718 پر رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ہاٹ لائن 24 گھنٹے کام کرے گی اور ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، پولیس اور دیگر متعلقہ محکمے باہمی رابطے میں رہتے ہوئے کسی بھی اطلاع پر فوری ردعمل دیں گے۔

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور بارڈر ایریاز میں موجود آبادیوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی غیر متوقع حالات سے نمٹنے کے لیے ریسپانس میکانزم کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں، سرکاری اطلاعات پر انحصار کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی یا ایمرجنسی کی اطلاع فوری طور پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کو دیں تاکہ بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔

یہ اقدام موجودہ حالات میں ضلعی سطح پر ایک مؤثر حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد عوام کے تحفظ اور ہنگامی ردعمل کو یقینی بنانا ہے۔

ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی
ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانیhttp://baaghitv.com
ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی 2003ء سے اب تک مختلف قومی اور ریجنل اخبارات میں کالمز لکھنے کے علاوہ اخبارات میں رپورٹنگ اور گروپ ایڈیٹر اور نیوز ایڈیٹرکے طورپر زمہ داریاں سرانجام دے چکے ہیں اس وقت باغی ٹی وی میں بطور انچارج نمائندگان اپنی ذمہ داری سرانجام دے رہے ہیں