سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیورو چیف: شاہد ریاض) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا خصوصی اجلاس عیدالاضحی کے انتظامات کے حوالے سے ڈی سی آفس کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صفائی ستھرائی، قربانی کے جانوروں کی باقیات کی محفوظ تلفی اور شہری سہولیات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عیدالاضحی پر صفائی کے انتظامات کو مثالی بنایا جائے گا۔ سیالکوٹ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (SWMC) صفائی کے لیے خصوصی اقدامات کرے گی۔ شہریوں کی سہولت کے لیے ہیلپ لائن نمبرز 1139، 1718 اور 052-9250011 کو چوبیس گھنٹے فعال رکھا جائے گا تاکہ عوام کسی بھی شکایت کی فوری اطلاع دے سکیں۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ چاروں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور لوکل گورنمنٹ کے افسران عید کے تینوں دن اپنی ڈیوٹیوں پر موجود رہیں گے تاکہ صفائی ستھرائی کے کام میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اور فضلات SWMC کے عملے کے حوالے کریں اور صفائی عملے سے مکمل تعاون کریں۔
ڈپٹی کمشنر نے علما کرام سے بھی اپیل کی کہ وہ خطباتِ عید اور جمعہ میں صفائی کی اہمیت پر روشنی ڈالیں اور عوام کو ترغیب دیں کہ وہ حکومت اور متعلقہ محکموں کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس مظفر مختار، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن کاشف نواز رندھاوا، اسسٹنٹ کمشنرز انعم بابر، غلام فاطمہ، عثمان غنی، سدرہ ستار سمیت اراکینِ ضلعی امن کمیٹی نے بھرپور شرکت کی۔
اجلاس کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے دعا کی گئی۔