سیالکوٹ (بیوروچیف خرم میر)ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی کی زیر صدارت ڈی سی آفس کانفرنس روم میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں واسا، میونسپل کارپوریشن اور پیسپ (PICIIP) کے مقامی حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد واسا سیالکوٹ کو مکمل طور پر فعال کر کے شہریوں کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔
ڈپٹی کمشنر نے واسا حکام کو فوری طور پر دفتر قائم کرنے کی ہدایت دی، جبکہ میونسپل کارپوریشن کو حکم دیا گیا کہ وہ سینی ٹیشن اسٹاف، مشینری اور دیگر اسٹاک جلد از جلد واسا کے حوالے کرے تاکہ ادارہ اپنی ذمہ داریاں باقاعدہ طور پر ادا کر سکے۔
انہوں نے زور دیا کہ واسا کو ہنگامی بنیادوں پر وسائل فراہم کیے جائیں تاکہ شہریوں کو صاف پانی، نکاسی آب اور صفائی کی سہولیات میں بہتری دی جا سکے۔ اجلاس میں پیسپ حکام کو زیر تعمیر واٹر سپلائی، سیوریج اور ڈسپوزل اسٹیشنز کے منصوبے جلد مکمل کر کے واسا کے سپرد کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ایوب بخاری، ایم ڈی واسا ابوبکر عمران، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن ملک اعجاز احمد، مینیجر پیسپ علی خان سمیت متعلقہ افسران شریک ہوئے۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام اداروں کو باہمی روابط اور مربوط حکمت عملی کے تحت کام کرنے کی ہدایت دی تاکہ شہریوں کو معیاری بلدیاتی خدمات مہیا کی جا سکیں۔