سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے تھانہ سٹی پسرور میں شہری پر مبینہ پولیس تشدد کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ملوث اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دے دیا۔

محلہ رحمان پورہ پسرور کے رہائشی شہری شاہد عمران نے الزام عائد کیا کہ کانسٹیبل محمد آصف مصطفیٰ اور حامد نے اُسے ناجائز طور پر تھانہ سٹی پسرور لے جا کر تشدد کا نشانہ بنایا۔ ڈی پی او کے فوری احکامات پر دونوں پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ نمبر 480/25 تھانہ سٹی پسرور میں درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ڈی پی او فیصل شہزاد نے اپنے بیان میں کہا کہ پولیس کی جانب سے شہریوں پر تشدد اور اختیارات کے ناجائز استعمال کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ قانون سب کے لیے یکساں ہے، اور جو اہلکار قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوں گے، ان کے خلاف سخت سے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ڈی پی او نے بتایا کہ ملوث اہلکاروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ معاملے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات جاری ہیں تاکہ انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جا سکیں۔

Shares: