سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض)ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی سے ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ اور سمال انڈسٹریل اسٹیٹ شہاب پورہ کے نمائندگان نے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں ایوان صنعت و تجارت کے صدر اکرام الحق، سمال انڈسٹریل اسٹیٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین طاہر مجید کپور سمیت مقامی صنعت کار اور تاجر شریک تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ شہر میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے منظم مہم شروع کر دی گئی ہے۔ ریڑھی بانوں کے لیے مخصوص مقامات مختص کیے گئے ہیں، جن کے علاوہ کسی کو بھی شہر میں ریڑھی لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سیوریج نظام کی بہتری اور نالوں کی صفائی کا کام جاری ہے تاکہ بارش کے دوران نکاسی آب کا مؤثر انتظام یقینی بنایا جا سکے۔ اس حوالے سے میونسپل کارپوریشن، میونسپل کمیٹی، اور ضلع کونسل سے سرٹیفیکیٹس حاصل کیے جائیں گے تاکہ گٹر اُبلنے کی شکایات کا مستقل سدباب ممکن ہو سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے صنعتکاروں اور تاجروں سے اپیل کی کہ وہ نالوں میں کوڑا کرکٹ پھینکنے سے اجتناب کریں تاکہ صفائی کا نظام متاثر نہ ہو اور شہر کی خوبصورتی برقرار رہے۔
ملاقات میں شہر کی ترقی، صفائی، تجاوزات کے خاتمے اور صنعتکاروں کے مسائل کے حل پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے زور دیا کہ انتظامیہ اور صنعتکاروں کے باہمی تعاون سے سیالکوٹ کو بہتر، صاف اور منظم شہر بنایا جا سکتا ہے۔
اس اجلاس میں چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن ملک اعجاز احمد اور متعلقہ محکموں کے دیگر مقامی حکام بھی شریک تھے۔