سیالکوٹ:پولیس تحفظ مرکز نے نشے میں مبتلا مزید 11 افراد کو زندگی کی طرف لوٹا دیا

سیالکوٹ ، باغی ٹی وی (سٹی رپورٹرشاہد ریاض )سیالکوٹ پولیس کا پولیس تحفظ مرکز کے فورم سے نشے کے عادی زندگی سے بیزار افراد کی زندگیاں بدلنے کا سفر جاری مزید 11 افراد کو زندگی کی طرف لوٹا دیا .
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کے ویژن کے مطابق سیالکوٹ میں معاشرے کے کمزور، محکوم اور نظر انداز شدہ طبقات کے تحفظ کے لیے قائم کیے جانے والے پولیس تحفظ مرکز کی ٹیم نے مختلف شاہراہوں پر بھٹکتے ہوئے معاشرے کے دھتکارے ہوئے عادی نشئی افراد کو تحویل میں لے کر مختلف اداروں کے تعاون سے ان افراد کا علاج کروانے اور انہیں پھر سے معاشرے کا کارآمد فرد بنانے کا بیڑہ اٹھا رکھا ہے جس کے تحت 427 افرد کو فرسٹ ایڈ جبکہ 33 افراد کا مکمل علاج کروایا جا چکا ہے

اس سلسلہ میں آج بحالی سنٹر (فاطمہ لائف کئیر ہسپتال ) پر علاج مکمل ہونے کے بعد واپس آنے والے 11 افراد کے اعزاز میں ڈی پی او سیالکوٹ محمد حسن اقبال کی سربراہی میں کانفرنس روم پولیس لائنز میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں نشہ کی لت کو چھوڑ کر زندگی کی طرف واپس آنے والے افراد کی فیملیز کے ساتھ ساتھ سماجی کاروباری و دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی

معاشرے کے دھتکارے ہوئے لوگوں کو زندگی کی طرف واپس لوٹتا ہوا دیکھ کر شہریوں نے پولیس کے اس اقدام کی خوب ستائش کی جبکہ ان افراد کے گھر والوں نے پولیس کا خوب شکریہ ادا کیا

اس موقع پر ڈی پی او سیالکوٹ محمد حسن اقبال نے کہا کہ نشہ ایک لعنت ہے جس کی وجہ سے کئی نوجوان اپنی زندگیاں برباد کر چکے ہیں سیالکوٹ پولیس نے معاشرے کے ناسور منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری کر رکھا ہے تاہم اس کے ساتھ ساتھ ذلت و رسوائی میں گرے ہوئے نشے کے عادی افراد کو دوبارہ زندگی کی طرف لوٹا کر معاشرے کا کار آمد فرد بنانا ہے

Leave a reply