سیالکوٹ ،باغی ٹی وی(سٹی رپورٹر مدثر رتو) جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی جانب سے سیالکوٹ بھر کے اسکولز اور کالجز کی طالبات کے لیے "فری غزہ یوتھ گالا” کا انعقاد کیا گیا۔ اس پُراثر تقریب میں قیمہ پاکستان جماعت اسلامی حلقہ خواتین محترمہ حمیرا طارق مہمانِ خصوصی تھیں، جن کے ہمراہ ان کی ٹیم اور موٹیویشنل اسپیکر ڈاکٹر جاوید اقبال اور ٹرینر زیر منصوری بھی موجود تھے۔ مختلف سیشنز میں طالبات سے خطاب کرتے ہوئے مہمانانِ گرامی نے ان کی رہنمائی کی۔

حمیرا طارق نے اپنے خطاب میں نوجوان لڑکیوں کو صحابیات اور امہات المومنین کی زندگیوں کو مشعلِ راہ بنانے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ آج کی یوتھ ہی کل کی قیادت ہے، اور ضروری ہے کہ ہماری بیٹیاں ام عمارہ، ام سلمہ، حضرت خدیجہ اور حضرت عائشہ رضی اللہ عنہن جیسی عظیم خواتین کے نقش قدم پر چلیں، اور مغرب کے چکا چوند ایجنڈوں سے ہوشیار رہیں۔

موٹیویشنل اسپیکر ڈاکٹر جاوید اقبال نے طالبات کو ایک کامیاب، بااعتماد اور باعلم زندگی گزارنے کے حوالے سے مفید نکات بتائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ذہنی، جسمانی اور روحانی صحت کے ساتھ ساتھ قرآن و سنت اور تاریخِ اسلام و موجودہ حالات کا علم حاصل کرنا موجودہ فتنوں سے بچاؤ اور اُمت کی فلاح کے لیے نہایت اہم ہے۔

پروگرام کے اختتام پر فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر ایک پُرامن ریلی نکالی گئی، جس کی قیادت امیرِ ضلع جماعت اسلامی چوہدری امتیاز احمد بریار نے کی۔ اس ریلی میں شہر سیالکوٹ کی بڑی تعداد میں طالبات اور خواتین نے بھرپور شرکت کی اور فلسطینی عوام کے ساتھ محبت و حمایت کا اظہار کیا۔

یہ یوتھ گالا نہ صرف طالبات کے لیے سیکھنے اور شعور بیدار کرنے کا ذریعہ بنا بلکہ امتِ مسلمہ کے اہم مسائل پر آواز بلند کرنے کا مؤثر پلیٹ فارم بھی ثابت ہوا۔

Shares: