سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر: مدثر رتو)سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق کی ہدایت پر جماعت اسلامی ضلع سیالکوٹ کی خواتین کے وفد نے ڈسکہ میں سانحہ سوات کے شہداء کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا۔ وفد نے شہداء کی بلندی درجات کے لیے دعا کی اور متاثرہ خاندان کو ڈاکٹر حمیرا طارق کا تعزیتی پیغام پہنچایا۔

وفد کے ہمراہ اہلِ محلہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، جنہوں نے جماعت اسلامی کی اس بھرپور یکجہتی کو سراہا۔ ملاقات کے دوران حلقہ خواتین جماعت اسلامی کے نمائندگان نے کہا کہ جماعت اسلامی غم کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے اور قانونی معاونت سمیت ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔

اس موقع پر حکومتی بے حسی پر سخت تنقید کرتے ہوئے وفد نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ جب ملک میں انسانی جانوں کے ضیاع پر قوم سوگوار ہے، تب بھی حکمران اپنے مشاغل میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ سوات وفاقی و صوبائی حکومتوں کی سنگ دلی اور نااہلی کی بدترین مثال ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ موجودہ حکمران عوام کے دکھ درد میں شریک ہونے کے بجائے بے حسی کی چادر اوڑھے بیٹھے ہیں۔

وفد نے مزید کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ عوام آنکھیں کھولیں اور سوچیں کہ انہوں نے کیسے بے حس عناصر کو اقتدار میں پہنچایا۔ انہوں نے تنبیہ کی کہ مون سون کا موسم قریب ہے، مگر حکومتی سطح پر کسی قسم کی تیاری نظر نہیں آ رہی۔ جگہ جگہ جوہڑ، گڑھے اور نالوں کی ناقص صفائی سے حادثات جنم لے سکتے ہیں، جس کے ذمہ دار نااہل حکمران ہوں گے۔

جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ وہ ماضی میں بھی آفات و سانحات کے دوران عوامی خدمت میں پیش پیش رہی ہے اور آئندہ بھی مظلوم اور متاثرہ افراد کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔

Shares: