سیالکوٹ: ختم نبوت کانفرنس میں اتحاد امت اور ملکی استحکام پر زور

سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہد ریاض) پاکستان سنی تحریک کے زیر اہتمام عظیم الشان ختم نبوت و استحکام پاکستان کانفرنس ججے سائیاں میں منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں مختلف رہنماؤں نے عقیدہ ختم نبوت کی اہمیت، دینی تعلیمات پر عمل اور ملکی استحکام پر روشنی ڈالی۔

پاکستان سنی تحریک کے صوبائی رہنما غلام مرتضیٰ قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ عقیدہ ختم نبوت مسلمانوں کے ایمان کی بنیاد ہے، اور اس کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نبی اکرم ﷺ کی محبت ایمان کا حصہ ہے اور ان کی سنتوں پر عمل سے ہماری دنیا و آخرت سنور سکتی ہے۔

ضلعی جنرل سیکرٹری حافظ افضال دتے شاہی نے کہا کہ امت کو نبی کریم ﷺ کے پیغام کو دنیا بھر میں عام کرنا ہوگا۔ انہوں نے امت کے مسائل کا سبب اللہ کے احکامات اور سنت رسول ﷺ سے دوری کو قرار دیا۔

دیگر رہنماؤں چوہدری راشد گجر، ملک عامر اقبال قادری، سرفراز قادری، اور مفتی علامہ سمر عباس نے بھی خطاب کیا اور عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ پر اپنے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاک فوج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دفاع وطن میں فوج کا کردار ناقابل فراموش ہے اور قوم ہر موقع پر ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

Comments are closed.