سیالکوٹ،باغی ٹی وی (بیوروچیف ، شاہد ریاض)سیالکوٹ میں پانچ روز قبل اغوا ہونے والا دو سالہ معصوم بچہ بالآخر پولیس کی انتھک کوششوں کے بعد بحفاظت بازیاب کروا لیا گیا۔ واقعے میں ملوث خاتون اغوا کار کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے، جو پتوکی کی رہائشی ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق ملزمہ نے ابتدائی تفتیش میں اعتراف کیا ہے کہ وہ اولاد نہ ہونے کے باعث بچے کو اغوا کر کے اپنے ساتھ لے گئی تھی۔
بچے کے اغوا کی اطلاع ملنے کے بعد سیالکوٹ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں میں نصب 100 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ تفتیشی ٹیموں نے شب و روز محنت کر کے ملزمہ کا سراغ لگایا، جو مختلف علاقوں میں بچے کو لے کر گھومتی رہی تاکہ شک سے بچ سکے۔
پولیس نے ٹیکنیکل اور روایتی طریقہ تفتیش کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزمہ کا پتہ لگایا اور کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق خاتون نے دورانِ تفتیش بتایا کہ وہ کئی سالوں سے اولاد کے لیے تڑپ رہی تھی، اور ماں بننے کی خواہش نے اسے یہ انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور کیا۔
بچے کو بحفاظت والدین کے حوالے کر دیا گیا ہے، جہاں خاندان نے پولیس کی بروقت کارروائی اور محنت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے سیالکوٹ پولیس ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور اس قسم کے واقعات کو سنجیدگی سے لیا جاتا ہے۔
سیالکوٹ پولیس نے اس کامیاب کارروائی کو اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور جدید تفتیشی نظام کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جرائم میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔









