سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو) ای ایل سی کڈز کلب گرامر اسکول حسنات کیمپس کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات اسکول کے ہال میں منعقد کی گئی، جس کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا۔ بچوں نے رنگا رنگ ٹیبلو پیش کیے، جنہیں والدین نے بے حد سراہا۔

تقریب میں ڈائریکٹر کڈز کلب گرامر اسکول محسن سردار نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات میں تعریفی اسناد اور انعامات تقسیم کیے۔ اس کے علاوہ بہترین تدریسی خدمات انجام دینے والے اساتذہ کو بھی خصوصی انعامات سے نوازا گیا۔

والدین نے اسکول انتظامیہ اور اساتذہ کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہاں نہ صرف معیاری تعلیم دی جاتی ہے بلکہ اساتذہ کا رویہ بھی قابلِ تعریف ہے۔ ہمیں اسکول کے عملے پر فخر ہے جو بچوں کی بہترین تربیت کے لیے کوشاں ہے۔

محسن سردار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا وژن اعلیٰ تعلیم کے ساتھ بچوں کی اخلاقی و اسلامی تربیت کو پروان چڑھانا ہے، تاکہ یہ بچے مستقبل میں معاشرے کے بہترین شہری بن سکیں اور ایمانداری سے اپنے فرائض انجام دیں۔

Shares: