سیالکوٹ (باغی ٹی وی،بیوروچیف شاہدریاض)ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے اچانک تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹلی لوہاراں کا دورہ کیا۔ انہوں نے سیکنڈ شفٹ کے دوران عملے کی حاضری چیک کی اور مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کرتے ہوئے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر نے ضلعی ہیلتھ اتھارٹی کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ ہسپتال میں ڈاکٹرز اور عملے کی مکمل حاضری کو یقینی بنائیں اور مریضوں کو بہترین علاج معالجے کے ساتھ ساتھ ادویات کی مفت فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔
اس دوران ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کی ایمرجنسی، فارمیسی، لیبارٹری اور آپریشن تھیٹر کا بھی معائنہ کیا۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسلم چودھری بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔
قبل ازیں ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین نے اپنے دفتر میں صبح 10 بجے سے ساڑھے 11 بجے تک شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کے لیے احکامات جاری کیے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سرکاری افسران اپنے دفاتر میں عوامی مسائل سننے کے لیے مقررہ اوقات میں موجود رہیں گے۔