سیالکوٹ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض) لیبر ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے فیکٹریوں میں کام کرنے والے مزدوروں کو ڈیتھ اور میرج گرانٹ کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سرجیکل ایسوسی ایشن دفتر میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر لیبر ویلفیئر سیالکوٹ طیب ورک نے مرد و خواتین میں 39 چیک تقسیم کیے۔
اس موقع پر طیب ورک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مزدور ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کے بچے ملک کا مستقبل ہیں۔ پنجاب حکومت اور تاجر برادری کے تعاون سے فیکٹری ورکروں اور ان کے بچوں کو مفت طبی سہولیات اور جدید تعلیمی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب گروپ آف کالجز کے ساتھ معاہدہ (MOU) سائن کیا گیا ہے، جس کے تحت مزدوروں کے بچوں کو داخلہ فیس کے علاوہ فری تعلیم کی سہولت میسر ہوگی تاکہ وہ اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔ ورکرز کی بیٹیوں کے لیے جہیز گرانٹ میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔
تقریب میں سرجیکل انسٹرومنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن پاکستان کے چیئرمین ذیشان طارق، سینئر وائس چیئرمین سلیمان علی مغل، وائس چیئرمین عبدالمومن، صدر لیبر یونین سی بی اے فارورڈ سپورٹس خالد پرویز، ممبر ضلعی کمیٹی جبری مشقت اشفاق نذر گھمن، مسلم لیگ (ن) لیبر ونگ کے رہنما چوہدری نصیر احمد، میاں خالد محمود، بابر سعید اور فریاد سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔