سیالکوٹ، باغی ٹی وی (سٹی رپورٹرمدثر رتو) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد اقبال سنگھیڑا کی زیر نگرانی انٹی انکروچمنٹ اسکواڈ نے لہائی بازار میں آپریشن کرتے ہوئے مستقل اور عارضی تجاوزات کو ہٹا دیا۔
اے ڈی سی ریونیو محمد اقبال سنگھیڑا نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق تجاوزات پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے اور اس ضمن میں کسی سے رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے دکانداروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنا سامان اپنی دکانوں تک محدود رکھیں، بصورت دیگر سامان بحق سرکار ضبط کر لیا جائے گا، جبکہ دوبارہ خلاف ورزی پر گرفتاری عمل میں لائی جائے گی اور مقدمات بھی درج کروائے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک کے بہاؤ میں رکاوٹ بننے والی ریڑھیوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ میونسپل کارپوریشن اور ٹریفک پولیس کی انٹی انکروچمنٹ اسپیشل ٹیمیں پوری طرح متحرک ہیں، جبکہ بازاروں کی مسلسل نگرانی بھی کی جا رہی ہے تاکہ دوبارہ تجاوزات قائم نہ کی جا سکیں۔