سیالکوٹ(باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) میونسپل اداروں کی آمدن بڑھانے کیلئے گورننس اجلاس، ٹیکس نظام کی کمپیوٹرائزیشن پر زور
سیالکوٹ میں ڈپٹی کمشنر صباء اصغر علی کی زیر صدارت سب نیشنل گورننس پروگرام کا اہم اجلاس کمیٹی روم میں منعقد ہوا، جس میں برٹش ہائی کمیشن کی نمائندہ ایما ونڈ، اکنامک ایڈوائزر طفیل یوسفزئی، ڈسٹرکٹ ٹیم لیڈر کامران خان، پی ایف ایم ایڈوائزر انعم حسین، اسسٹنٹ کمشنر انعم بابر سمیت میونسپل کارپوریشنز اور کمیٹیوں کے چیف و فنانس افسران نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے اجلاس سے خطاب میں زور دیا کہ لوکل گورنمنٹ اداروں کو اپنی آمدن میں اضافے کیلئے خدمات کا معیار بہتر بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس کلیکشن کے نظام کو شفاف، آسان اور کمپیوٹرائزڈ بنانا وقت کی ضرورت ہے، تاکہ وسائل کے زیاں کو روکا جا سکے۔ واٹر سپلائی کے نظام میں صارفین کو ان کے استعمال کے مطابق چارج کرنے کیلئے میٹرنگ سسٹم متعارف کرانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
انہوں نے چاروں تحصیلوں کی میونسپل کمیٹیوں کے چیف اور فنانس افسران کو ہدایت کی کہ آمدن بڑھانے کے حوالے سے فوری طور پر عملی تجاویز پر مبنی پلانز تیار کیے جائیں۔
برٹش ہائی کمیشن کی ایما ونڈ نے کہا کہ سب نیشنل گورننس پروگرام کے تحت اداروں کی استعداد کار بڑھانے، ٹیکس نیٹ کا دائرہ وسیع کرنے اور آمدن بڑھانے کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔
اکنامک ایڈوائزر طفیل یوسفزئی، کامران خان اور انعم حسین نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ چاروں تحصیلوں میں میونسپل آمدن اور کارکردگی کی بنیاد پر مالیاتی تجزیاتی رپورٹس تیار کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں صحت و تعلیم کے شعبوں میں کامیاب ماڈل کے بعد ضلع سیالکوٹ کیلئے تیار کردہ Own Source Revenue (OSR) حکمت عملی سے مقامی اداروں کی آمدن میں اضافہ ممکن ہوا ہے۔
ماہرین نے کہا کہ پانی کے نرخ، دکانوں کے کرایے، نقشہ جات کی منظوری، بس اڈوں، اشتہارات اور زمین کے استعمال کی تبدیلی کی مد میں آمدن بڑھائی جا سکتی ہے۔ ٹیکس کلیکشن میں حائل رکاوٹوں کی نشاندہی کے ساتھ ان کے حل کیلئے تجاویز بھی پیش کی گئیں۔
یہ اجلاس بلدیاتی سطح پر گورننس کو مؤثر بنانے اور خود انحصاری کے سفر کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔