سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے سیف سٹیز اتھارٹی سیالکوٹ کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے دوران نکالے جانے والے جلوسوں اور منعقد ہونے والی مجالس کی سیکیورٹی و سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے بریفنگ حاصل کرتے ہوئے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا اور زور دیا کہ عشرۂ محرم الحرام کے دوران امن و امان، بین المسالک ہم آہنگی اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں تاریخی نوعیت کے اقدامات کیے گئے ہیں۔

میاں ذیشان رفیق نے بتایا کہ پنجاب بھر میں محرم الحرام کے دوران 38 ہزار 217 مجالس اور جلوسوں کے لیے فول پروف سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔ سیکیورٹی کے لیے 1 لاکھ 10 ہزار سے زائد پولیس اہلکار، 79 رینجرز کمپنیز، اور 59 پاک آرمی کمپنیز تعینات کی گئی ہیں، جب کہ سیف سٹی کیمروں، ٹریکرز، تھری ڈی میپنگ اور جدید نگرانی کے نظام سے ہر لمحہ مانیٹرنگ جاری ہے۔

وزیر بلدیات نے بتایا کہ سڑکوں کی صفائی، روشنی، پینے کے ٹھنڈے پانی کی فراہمی، اور دیگر سہولیات کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔ ریسکیو 1122 اور تمام ضلعی اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے تاکہ فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ شکایات کے فوری ازالے کے لیے مانیٹرنگ سیل فعال ہیں، اور پولیس، ضلعی انتظامیہ، اور مجالس کے منتظمین کے درمیان مکمل رابطہ برقرار ہے۔

انہوں نے کہا کہ یکم تا 10 محرم الحرام پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ ہے جس کے تحت اسلحے کی نمائش، نفرت انگیز تقاریر، وال چاکنگ، غیر قانونی لاؤڈ اسپیکر کے استعمال، اور اشتعال انگیز مواد پر مکمل پابندی عائد ہے، جب کہ 9 اور 10 محرم کو ڈبل سواری اور ڈرون کیمروں کے استعمال پر بھی مکمل پابندی نافذ کی گئی ہے۔ سوشل میڈیا پر فرقہ وارانہ مواد پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی اور ڈی پی او فیصل شہزاد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع سیالکوٹ میں 9 اور 10 محرم کو 152 روایتی و لائسنسی جلوس اور 197 مجالس کا انعقاد ہو گا، جن کی سیکیورٹی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا چکے ہیں۔ جلوسوں کے راستوں کی مرمت، صفائی، اضافی لائٹس اور زائرین کے لیے ٹھنڈے مشروبات کی سبیلیں بھی لگائی گئی ہیں۔ جلوسوں کی لائیو مانیٹرنگ کے لیے 100 اضافی کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد اقبال سنگھیڑا، ایڈیشنل ڈی سی جنرل ایوب بخاری اور ڈسٹرکٹ آفیسر سیف سٹیز شاہد حمید ورک بھی موجود تھے۔ وزیر بلدیات نے افسران کو ہدایت کی کہ جلوسوں کے دوران کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور عوامی تحفظ کو ہر صورت مقدم رکھا جائے۔

Shares: