سیالکوٹ(بیوروچیف شاہدریاض) مہنگے گوشت کی فروخت پر دو معروف دکانوں کے منیجر گرفتار
سیالکوٹ میں ضلعی انتظامیہ نے مہنگے داموں گوشت فروخت کرنے پر دو معروف میٹ برانڈز کے دکانوں کے منیجروں کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتاریاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایوب بخاری کی ہدایت پر عمل میں آئیں، جنہوں نے ان دکانوں کو ڈی سی کاؤنٹر قائم نہ کرنے اور سرکاری نرخوں سے زائد قیمت پر گوشت فروخت کرنے پر کارروائی کی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایوب بخاری نے بتایا کہ نیٹو اور طفیل میٹ شاپس کو بارہا تنبیہ کی گئی تھی کہ وہ اپنی دکانوں پر ڈی سی کاؤنٹر قائم کریں اور سرکاری نرخوں پر گوشت فروخت کریں، لیکن انہوں نے ایسا نہیں کیا۔ جس پر فوری کاروائی کرتے ہوئے دکانوں کے مینجرز کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کو مہنگے داموں گوشت فروخت کرنے والوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا اور کسی کو بھی من مانی قیمتیں وصول کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایوب بخاری نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال کی ہدایت پر رمضان المبارک میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے پرائس مجسٹریٹس دن رات کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جا رہا ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے دکانداروں کو خبردار کیا کہ وہ مہنگے داموں گوشت فروخت کرنے سے گریز کریں، ورنہ ان کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے اور انہیں گرفتار بھی کیا جا سکتا ہے۔