سیالکوٹ: ناجائز منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن، کئی دکاندار گرفتار

سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہد ریاض ) اسسٹنٹ کمشنر انعم بابر کا لہائی بازار میں ناجائز منافع خوروں کے خلاف گرینڈ آپریشن، مقررہ داموں سے زائد قیمت وصول کرنے کی پاداش میں 4 دکانداروں کو موقع پر گرفتار کرکے ان کے خلاف پرائس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کروا دیا، مردہ مرغیوں اور باسی گوشت دکان سے برآمد ہونے پر دکاندار موقع پر گرفتار ، فوڈ اتھارٹی کو تحقیقات کی ہدایات جاری۔

تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ انعم بابر نے پرائس مجسٹریٹس ڈاکٹر احمد ناصر، نیئر عباس اور عدنان ملک کے ہمراہ آج لہائی بازار سیالکوٹ میں سبزیوں ، پھلوں، بیف، چکن ، مٹن اور کریانہ شاپس پر چھاپے مار کر زائد المعیاد، گراں فروشی اور پرائس لسٹ آویزاں نہ کرنے کی پاداش میں موقع پر جرمانے کئے اور آئندہ خلاف ورزی پر مقدمات درج کروانے کی وارننگ جاری کیں۔

صالو گجر کی گلی میں چکن فروش سے مردہ مرغی اور اس کے فریزر سے بدبودار گوشت برآمد ہونے پر اسسٹنٹ کمشنر نے دکاندار کو گرفتار کرکے دکان سیل کردی اور فوڈ اتھارٹی حکام کو اس کی تحقیات کرکے کیس پنجاب فوڈ اتھارٹی کو بھجوانے کی ہدایت ، اسسٹنٹ کمشنر نے سری پائے کی شاپس پر گندگی کا نوٹس لیتے ہوئے دکانیں سیل کرنے اور دکانداروں کو گرفتار کروا دیا۔

اسسٹنٹ کمشنر نے مہنگا پیاز، روٹی، گوشت اور آلو فروخت کرنے کی پاداش میں 25 ہزار روپے جرمانہ کیا۔ مجموعی طور پر 10 دکانوں کو سیل کیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ انعم بابر نے کریانہ شاپس پر ڈی سی کاونٹر کا بھی معائنہ کیا اور وہاں پر فروخت ہونے والی دالوں، چاول اور بیسن کی معیار اور وزن کی پڑتال کی۔

اسٹنٹ کمشنر نے زائد المعیاد سرکہ اور مشروبات فروخت کرنے پر دکان سے زائد المعیاد مال فوری اٹھوانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام دکاندار زائد المعیاد چیزیں ڈسپلے میں نہ رکھیں اور ان سے برآمد ہونے پر سخت کارروائی کی جائے گی۔

اسسٹنٹ کمشنر انعم بابر نے موقع پر موجود میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ رواں ماہ کے دوران 1287 دکانداروں کو اب تک 62 لاکھ روپے جرمانہ کیا جاچکا ہے اور 91 دکانداروں کو موقع پر گرفتار کیا ہے جبکہ ڈیڑھ ہزار دکانداروں کو وارننگ بھی جاری کی گئی ہے۔

Leave a reply