سیالکوٹ (باغی ٹی وی بیوروچیف شاہدریاض): ضلع سیالکوٹ میں میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کے لیے ایم ڈی کیٹ کا امتحان 22 ستمبر کو گورنمنٹ کالج فار ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں منعقد ہوگا۔ اس امتحان میں 2432 طلباء اور طالبات حصہ لیں گے جن میں سے 1956 لڑکیاں اور 476 لڑکے شامل ہیں۔
یہ بات ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ رانا عمر فاروق نے ایم ڈی کیٹ انٹری ٹیسٹ 2024 کے پر امن اور شفاف انعقاد کے لیے انتظامی و سیکیورٹی امور کے لائحہ عمل کو تشکیل دینے کے لیے منعقدہ اجلاس میں بتائی۔
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ نے کہا کہ ایم ڈی کیٹ امتحان میں دیانتداری کو برقرار رکھنے اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں تمام محکموں کو ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک قومی اور آئینی ذمہ داری ہے جسے ایمانداری سے انجام دیا جائے گا اور اس میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔