سیالکوٹ (باغی ٹی وی، بیوروچیف شاہد ریاض) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (DPO) سیالکوٹ فیصل شہزاد نے پولیس اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کے لیے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے ہمدرد لیب ڈائیگنوسٹک سینٹر کے ساتھ یادداشتِ تفاہم (MOU) پر دستخط کر دیے ہیں۔

اس معاہدے کے تحت پولیس شہداء کی فیملیز کو لیبارٹری ٹیسٹس پر 60 فیصد رعایت دی جائے گی، جبکہ حاضر سروس اور ریٹائرڈ پولیس ملازمین کو 50 فیصد تک رعایت حاصل ہو گی۔ یہ اقدام پولیس فورس کی فلاح و بہبود کے لیے جاری کوششوں کا تسلسل ہے۔

ڈی پی او فیصل شہزاد کے مطابق ان اقدامات کا مقصد پولیس ملازمین کے میڈیکل اور تعلیمی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس کے احکامات کی روشنی میں پہلے تعلیمی اداروں کے ساتھ معاہدے کیے گئے تھے، اور اب طبی سہولیات کے دائرہ کار کو بھی وسعت دی جا رہی ہے۔

پولیس افسران و جوانوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس سے نہ صرف اہلکاروں کا مورال بلند ہو گا بلکہ ان کے اہل خانہ کو بھی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔ فیصل شہزاد نے یقین دہانی کروائی کہ پولیس کے فلاحی منصوبے اسی جذبے کے ساتھ جاری رہیں گے۔

Shares: