سیالکوٹ (باغی ٹی وی، نامہ نگار مہر مصطفیٰ)پاکستان کی معروف چائے برانڈ ٹپال کی جانب سے سیالکوٹ کے نجی ہوٹل میں ٹریڈرز کے لیے سالانہ میگا لکی ڈرا کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروقار تقریب میں کمپنی کے ریجنل منیجر عابد حسن، زونل منیجر ملک خاور ایوب، آر ٹی ایم ایم عامر سمیت دیگر افسران، ڈسٹری بیوٹرز اور کاروباری شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
کمپنی کی جانب سے ٹریڈرز میں بذریعہ قرعہ اندازی عمرہ پیکجز، موٹر بائیکس، موبائل فونز اور دیگر قیمتی انعامات تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر شرکاء نے کمپنی کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات کاروباری حلقوں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ صارفین تک معیاری مصنوعات پہنچانے میں بھی معاون ثابت ہوتے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمپنی کے افسران کا کہنا تھا کہ ٹپال چائے ہمیشہ اپنے ٹریڈرز کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرتی رہی ہے اور مستقبل میں بھی مزید بہتر اسکیمیں متعارف کرائی جائیں گی تاکہ ان کے کاروبار میں مزید اضافہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریڈرز ہمارے نیٹ ورک کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، اور ان کی ترقی ہی کمپنی کی کامیابی ہے۔
تقریب میں شامل ڈسٹری بیوٹرز اور ریٹیلرز نے اس سالانہ تقریب کو خوش آئند قرار دیا اور ٹپال چائے کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی تقریبات سے نہ صرف کاروباری تعلقات مزید مضبوط ہوتے ہیں بلکہ حوصلہ افزائی بھی ہوتی ہے۔
تقریب کا اختتام دعائیہ کلمات اور جیتنے والے خوش نصیب ٹریڈرز کو مبارکباد کے ساتھ ہوا۔