اتوار 13 جولائی کو سیالکوٹ کی ادبی فضاؤں میں ایک نئی خوشبو بکھرتی نظر آئی جب سنیئر صحافی خرم میر ،شاہد ریاض، پروفیشنل پرنٹ اینڈ الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن، نے آل پاکستان رائٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے بانی و صدر جناب ایم ایم علی اور ان کے ہمراہ اپووا عہدیداران کا شہرِاقبال میں پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پرکاروانِ قلم رائٹر فورم پاکستان و گھوئینکی لائنز کلب کے ممبران و عہدیداران بھی موجود تھے۔

آل پاکستان رائٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے سیالکوٹ میں دفتر کے قیام کی پر وقار افتتاحی تقریب اقبال منزل( رہائش گاہ شاعر مشرق علامہ اقبال )منعقد ہوئی جس میں اپووا کے اعلی سطحی وفد نے شرکت کی ۔ افتتاحی تقریب میں بانی و صدر اپووا ایم ایم علی،سنئیر نائب صدر حافظ محمد زاہد، ایڈیٹر باغی ٹی وی اور اپووا کے متحرک رکن ممتاز اعوان،نائب صدور سفیان علی فاروقی ،محمد اسلم سیال ،سیکرٹری کوآرڈینیشن محمد توصیف ملک،گھوئنکی لائن کلب کے سابقہ صدر اور معروف کاروباری شخصیت عمر سلیم گھمن،سنئیر صحافی مہر اشتیاق ،انچارج سوشل میڈیا سیل ثوبیہ راجپوت،نائب صدر پنجاب قرۃ العین خالد،جنرل سیکرٹری پنجاب الماس العین،فاکہہ قمر ،مہک شہزادی سمیت دیگر اہم عہدیداران شامل تھے۔

پرنٹ اینڈ الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے مہمانوں کا پھولوں کے ہاروں اور پرجوش نعروں سے استقبال کیا۔پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلام پاک اور نعتِ رسول مقبول سے کیا گیا۔بانی اپووا ایم ایم علی نے اپنے خطاب میں سیالکوٹ کے اہلِ قلم، دانشوروں اور میزبانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ ہمیشہ ادب، حب الوطنی اور تہذیب و ثقافت کا مرکز رہا ہے۔ یہاں آل پاکستان رائٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کا دفتر قائم کرنا ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے۔ اس پلیٹ فارم سے ہم ملک بھر کے ادیبوں، شاعروں اور قلم کاروں کو نہ صرف نمائندگی فراہم کریں گے بلکہ ان کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات بھی اٹھائیں گے۔انہوں خرم میر اور شاہد ریاض کو ضلعی کور آرڈینیٹراور میڈیا کو آرڈینیٹر کے نوٹیفکیشن بھی دئیے ۔

ایم ایم علی کےعلاوہ حافظ محمد زاہد، خرم میر،شاہد ریاض،عمر سلیم گھمن،ثوبیہ راجپوت،قرۃ العین خالد سمیت دیگر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہم اس بات پر خوش ہیں کہ سیالکوٹ میں ایک قومی سطح کی ادبی و فلاحی تنظیم کی بنیاد رکھی جا رہی ہے۔ ہم ہر سطح پر اس مشن کا حصہ بننے کے لیے پرعزم ہیں۔

تقریب کے آخر میں شرکاء کےلیے پرنٹ اینڈ الیکٹرانک میڈیا ایسوسی ایشن کی طرف سے مقامی ہوٹل میں پرتکلف کھانے کا اہتمام کیا گیاتھا۔ اپووا کے سیالکوٹ میں تنظیمی دفتر کے قیام پر سیالکوٹ کے، ادبی، صحافتی اور سماجی حلقوں کی طرف سے بے حد سراہا جارہا ہے۔

آل پاکستان رائٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کا یہ نیا دفتر یقیناً سیالکوٹ اور گردونواح کے ادیبوں، شاعروں اور لکھاریوں کے لیے ایک مرکز کی حیثیت اختیار کرے گا۔ یہاں ادبی سرگرمیوں، مشاعروں، ورکشاپس، اور فلاحی اقدامات کا تسلسل جاری رکھا جائے گا۔ان شاءاللہ

Shares: