سیالکوٹ,باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض) پاکستان میں تعینات مراکش کے سفیر محمد قارمون نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایس سی سی آئی) کا دورہ کیا، جہاں صدر چیمبر اکرام الحق نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر اکرام الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور مراکش کے درمیان قریبی تعلقات ہیں، جنہیں مزید مستحکم کرنے کا وقت آ چکا ہے۔ انہوں نے تجارتی وفود کے تبادلوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی، سیاسی اور سفارتی تعلقات کو مزید فروغ دینا ضروری ہے۔
مراکش کے سفیر محمد قارمون نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ پاکستانی خصوصاً سیالکوٹ کا باسمتی چاول دنیا بھر میں اپنی منفرد پہچان رکھتا ہے۔ انہوں نے سیالکوٹ چیمبر کی دستاویزی فلم "سیالکوٹ دی سٹی آف پروگریسو پیپل” میں گہری دلچسپی ظاہر کی اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
اجلاس کے اختتام پر صدر چیمبر اکرام الحق نے معزز مہمان کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر وسیم شہباز لودھی، نائب صدر عمر خالد، اعجاز اے کھوکھر، میاں محمد خلیل، اعجاز غوری اور بزنس کمیونٹی کے دیگر افراد بھی موجود تھے۔