سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو)تھانہ صدر سیالکوٹ کے علاقے بھیکو چھور میں دو معصوم بچوں کے اندھے قتل کی لرزہ خیز واردات کا معمہ حل کر لیا گیا۔ پولیس نے انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث ملزمان کو 12 گھنٹے کے اندر گرفتار کر لیا۔ دلخراش انکشافات کے مطابق بچوں کا قتل ان کی والدہ کے ناجائز تعلقات چھپانے کی کوشش میں کیا گیا۔

چھ سالہ ام کلثوم اور تین سالہ وارث، جو محنت کش کاشف کے بچے تھے، گزشتہ روز لاپتہ ہوئے اور اگلے دن ان کی لاشیں قریبی قبرستان سے برآمد ہوئیں۔ قتل بےرحمی سے اینٹوں کے وار کر کے کیا گیا تھا۔ ڈی پی او سیالکوٹ فیصل شہزاد نے خود موقع پر پہنچ کر تحقیقات کی نگرانی کی اور ایس پی انویسٹی گیشن عثمان منیر سیفی کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دی۔

تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ مقتول بچوں کی والدہ نادرا بی بی کے علاقے کے بااثر شخص ملک فاروق سے ناجائز تعلقات تھے، جنہیں ام کلثوم نے دیکھ لیا۔ راز فاش ہونے کے خدشے پر فاروق نے نادرا کے ساتھ مل کر بچوں کو قتل کرنے کی سازش کی اور دونوں کو انتہائی سفاکی سے مار ڈالا۔

ڈی پی او فیصل شہزاد نے کہا کہ ایسے درندہ صفت مجرم کسی رعایت کے مستحق نہیں، انہیں قانون کے مطابق سخت سزا دلوا کر متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔ سیالکوٹ پولیس کی برق رفتاری اور پیشہ ورانہ مہارت پر اہل علاقہ نے اظہار تحسین کیا ہے۔

Shares: