سیالکوٹ (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر مدثر رتو) نشئی شوہر کے ہاتھوں 4 بچوں کی ماں قتل، لاش نالے میں پھینک دی

سیالکوٹ کے تھانہ پھکلیان کے نواحی گاؤں مہیال بجوات میں ایک دل دہلا دینے والے واقعے نے معاشرے کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ نازیہ بی بی، چار بچوں کی ماں، کو اس کے نشئی شوہر شفیق نے بے رحمی سے قتل کر کے دریائے چناب کے ساتھ بہنے والے نالے میں پھینک دیا۔ شفیق جو ہیروئن اور انجیکشن کا عادی تھا، نے نازیہ کو ہسپتال لے جانے کے بہانے گھر سے نکالا اور راستے میں اس کی جان لے لی۔ اس کے بعد وہ گھر واپس آیا اور بچوں کو جھوٹ بولا کہ ان کی ماں ہسپتال میں داخل ہے اور جلد گھر آئے گی۔

نازیہ کے چار بچوں 14 سالہ بیٹی، 10 سالہ بیٹا، 7 سالہ بیٹی اور 4 سالہ بیٹے نے رات ماں کی یاد میں روتے ہوئے گزاری۔ سب سے چھوٹا بچہ ماں کے لیے سسکتا رہا، جبکہ بڑی بہن نے اسے سینے سے لگا کر سلایا۔ صبح ماں کی عدم موجودگی پر بچوں نے اپنے ماموں اور نازیہ کے بھائی کو فون کیا۔ ہسپتال میں نازیہ کا کوئی سراغ نہ ملنے پر شک گہرا ہوا۔ شفیق سے پوچھ گچھ کے بعد اس نے اعتراف کیا کہ اس نے نازیہ کو قتل کر کے لاش نالے میں پھینک دی۔

یہ واقعہ نازیہ کے خاندان کے لیے ایک صدمے سے کم نہیں۔ اس کے بھائی اور رشتہ دار غم و غصے کی کیفیت میں ہیں جبکہ مقامی لوگوں نے اس ظلم کے خلاف آواز اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس نے شفیق کو حراست میں لے لیا ہے لیکن سوال یہ ہے کہ کیا یہ انصاف کے لیے کافی ہے؟ نازیہ کے یتیم بچوں کی آنکھوں میں درد اور سوال ہیں کہ ان کا جرم کیا تھا؟

نازیہ کے خاندان اور مقامی افراد نے شفیق کو سخت سزا دینے اور نشے کے عادی افراد کے خلاف فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔ یتیم بچوں کی کفالت اور تحفظ کے لیے بھی حکومتی سے اپیل کی ہے۔

Shares: