سیالکوٹ: ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کا نظام بہتر بنانے کی کوششیں جاری

سیالکوٹ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہد ریاض) رکن صوبائی اسمبلی چوہدری طارق سبحانی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق دیہی علاقوں میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں صفائی کے نظام کو آؤٹ سورس کیا جائے گا اور ہر یونین کونسل میں صفائی ستھرائی کے لیے الگ سٹاف اور مشینری تعینات کی جائے گی۔

چوہدری طارق سبحانی نے ڈی سی آفس کمیٹی روم میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت دیہی علاقوں میں صفائی کے نظام کو آؤٹ سورس کرنے کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں یونین کونسل کی سطح پر صفائی ستھرائی کے نظام کی اینڈرائڈ بیس مانیٹرنگ کی جائے گی اور سول سوسائٹی کے ذمہ دار شہریوں سے بھی نظام کو بہتر بنانے میں تعاون لیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سینٹری ورکرز کو حکومت پنجاب کی جانب سے کم سے کم اجرت کے قانون کے مطابق پوری تنخواہ دی جائے گی اور ان سے پورا کام لیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا ستھرا پنجاب کا ویژن پنجاب کے عوام کو میونسپل سروسز کی یکساں سہولیات فراہم کرنا اور انہیں صحت مند ماحول میں زندگی بسر کرنے کے قابل بنانا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ستھرا پنجاب کے تحت ڈالوالی، وریو، ہندل، موماں کلاں، مراکیوال میں صفائی کی خصوصی مہم کا آغاز کیا گیا ہے اور ان دیہاتوں میں کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں کو اٹھایا جائے گا۔

Leave a reply