سیالکوٹ، باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض)انجمن مغلیہ کا بڑا اقدام، ذہین اور مستحق طلبہ کے لیے مغل اسکالرشپ فنڈ قائم

چیئرمین ایئر سیال فضل جیلانی نے اعلان کیا ہے کہ انجمن مغلیہ سیالکوٹ نے مغل جنرل اسپتال میں جدید طبی سہولیات کی کامیابی کے بعد، اب ذہین اور مستحق طلبہ و طالبات کے لیے "مغل اسکالرشپ فنڈ” قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار انجمن مغلیہ سیالکوٹ کے سالانہ عشائیہ میں بطور صدرِ تقریب کیا۔ اس موقع پر صدر سیالکوٹ ایوان صنعت و تجارت اکرام الحق، نائب صدر عمر خالد، سرپرستِ اعلیٰ انجمن مغلیہ مبشر واحد، سیٹھ محمد یونس اور گورنمنٹ مرے کالج سیالکوٹ کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد نواز مرزا سمیت معززین شہر کی بڑی تعداد موجود تھی۔

فضل جیلانی نے کہا کہ انجمن مغلیہ سیالکوٹ بانی پاکستان قائداعظم کے ساتھی خان بہادر مرزا محمد دین کی تحریک سے وجود میں آئی اور آج بھی دُکھی انسانیت کی خدمت میں پیش پیش ہے۔ مخیر حضرات کے تعاون سے نہ صرف طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں بلکہ اب تعلیم کے میدان میں بھی مدد کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اس موقع پر سرپرستِ اعلیٰ انجمن مغلیہ مبشر واحد نے 50 لاکھ، سیٹھ محمد یونس نے 20 لاکھ اور صدر سیالکوٹ چیمبر اکرام الحق نے 3 لاکھ روپے عطیہ دینے کا اعلان کیا۔ دیگر عہدیداران شاہد افضل کھوکھر اور حسیب احمد بھٹی نے بھی فنڈ میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

تقریب میں انجمن مغلیہ کے فلاحی منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر 5 کروڑ روپے کے عطیات دینے کا اعلان کیا گیا، جس پر صدر فضل جیلانی اور دیگر عہدیداران نے مخیر حضرات کا شکریہ ادا کیا۔

Shares: