سیالکوٹ:باغی ٹی وی (سٹی رپورٹر شاہد ریاض)ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران مجالس عزا اور جلوسوں میں سکیورٹی ، صفائی سمیت تمام انتظامات پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے ، سیلاب کی صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے ، جموں توی ، نالہ ڈیک کے متاثرہ علاقوں میں فوری ہنگامی اقدامات کئے گئے ہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے باغی ٹی وی کے رپورٹر شاہد ریاض سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نے کہا کہ ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں ہنگامی سنٹر قائم کیا گیا ہے جس کا نمبر 0529250011 ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ دریائے چناب ، دریائے توی اور تمام برساتی نالے معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں اور فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کی پیشن گوئی کے مطابق آئندہ ایام میں سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ اربن فلڈنگ سے بچنے کے لیے سیوریج لائنوں کی ڈی سلٹنگ کا عمل مسلسل جاری ہے ، نالہ بھیڈ کی صفائی پر توجہ دی جا رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ نالہ پلکھو کے بند کے متاثر ہونے کی اطلاع ملی تھی جسے فوری مرمت کیا گیا اور علاقہ مکین نقصانات سے محفوظ رہے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ایسے علاقے جہاں سیلاب کا خطرہ ہے وہاں 22 ریلیف کیمپس کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں اور کسی ہنگامی حالت میں فوری ایکٹو کر دیا جائے گا ۔ ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نے کہا کہ ضلع میں پرائس کنٹرول پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے ، سیالکوٹ پرفارمنس کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر ہے، شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے پر توجہ ہے، بڑے سٹورز پر ڈی سی کاؤنٹرز پر معیاری اشیاء کی فراہمی کے لیے پر عزم ہیں ۔ تاہم مہنگائی پر کنٹرول کے لئے ڈیمانڈ اور سپلائی پر نظر رکھی جا رہی ہے ۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے کارروائی کی جا رہی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انسدادِ ڈینگی پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں کھدائی کرنے والی کمپنیوں کو پابند بنایا جائے گا کہ وہ گلیوں ، سڑکوں کی مرمت کریں۔