سیالکوٹ،باغی ٹی وی(بیوروچیف شاہدریاض) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا ہے کہ عوام کو معیاری میونسپل سروسز کی فراہمی مقامی حکومتوں کی بنیادی ذمہ داری ہے، تاہم اس مقصد کیلئے فنڈز کا انحصار صوبائی حکومت پر ہوتا ہے۔ اس مسئلے کے حل کیلئے سب نیشنل گورننس پروگرام کے تعاون سے واٹر سپلائی چارجز، لینڈ یوز کنورژن فیس، بلڈنگ پلان فیس، اور دکانوں کے کرایوں کو مارکیٹ ریٹ کے مطابق ایڈجسٹ کرنے اور کلیکشن کے عمل میں اصلاحات کی جا رہی ہیں۔
یہ بات انہوں نے سب نیشنل گورننس پروگرام کے تحت وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ مظفر مختار، اسسٹنٹ کمشنر انعم بابر، گورننس ایڈوائزر جویریہ جیلانی، مسٹر ایلن، مسٹر متی کارٹر، ہینس، انعم حسین، شہزاد احمد ملک، جمال رفیق، فنانس آفیسر ضلع کونسل رانا ثقلین محمود، ایم او فنانس زونیرہ سرفراز اور دیگر متعلقہ افسران شریک تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ محصولات کی وصولی کیلئے سروسز کا معیار بہتر بنانا ہوگا تاکہ عوام واجبات خوش دلی سے ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ واجبات کی شفاف وصولی کیلئے ڈیجیٹل کلیکشن کا نظام ناگزیر ہے، جس سے بدعنوانی کے امکانات کم ہوں گے اور شفافیت یقینی بنائی جا سکے گی۔ اجلاس میں ضلع کونسل، میونسپل کارپوریشن اور میونسپل کمیٹیوں کے ریونیو میں اضافے سے متعلق متعدد تجاویز کا جائزہ بھی لیا گیا۔








