سیالکوٹ (باغی ٹی وی، سٹی رپورٹر مدثر رتو) اینٹی کرپشن سیالکوٹ کے سرکل آفیسر ملک ندیم منور کی دبنگ کارروائی، کرپشن کیس میں ملوث نائب تحصیلدار جاوید محمود باگڑی اور پٹواری خالد بٹ کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان پر موضع بھانو پنڈی، جامکے چیمہ میں زمین کی غلط نشاندہی اور بدعنوانی کے الزامات تھے۔
جامکے چیمہ بیگ چک سے تعلق رکھنے والے معروف وکیل محمد زبیر بھٹی ایڈووکیٹ کی شکایت پر مقدمہ نمبر 8/25 درج کیا گیا تھا، جس میں اینٹی کرپشن عدالت گوجرانوالہ نے آج سماعت کے دوران دونوں ملزمان کی ضمانتیں خارج کر دیں۔
سرکل آفیسر ملک ندیم منور جو کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت جانے جاتے ہیں، نے میرٹ پر انکوائری کرتے ہوئے دونوں اہلکاروں کو قصوروار قرار دیا اور عدالت سے ضمانت منسوخ کروانے کے بعد پولیس ٹیم کے ہمراہ ملزمان کو گرفتار کر کے حوالات منتقل کر دیا۔
ذرائع کے مطابق گیارہ کسوٹہ اور زمین کی نشاندہی میں جعلسازی کا انکشاف ہوا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ اینٹی کرپشن حکام کے مطابق مقدمے میں دیگر ممکنہ شریک ملزمان کے کردار کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
عوامی اور وکلاء حلقوں نے اینٹی کرپشن کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھی جائے تاکہ کرپشن کا خاتمہ ممکن ہو۔