سیالکوٹ(باغی ٹی وی بیوروچیف شاہدریاض)نوازشریف ہاکی اسٹیڈیم کھنڈرات میں تبدیل،آسٹروٹرف چوری، سیڑھیاں ٹوٹی ہوئی،کھلاڑیوں کا مستقبل تاریک
تفصیل کے مطابق سیالکوٹ کا نواز شریف ہاکی اسٹیڈیم حکومت کی بدترین غفلت کا شکار ہو کر تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا ہے۔ اسٹیڈیم کی زمین سے آسٹروٹرف غائب ہو چکی ہے جس کی وجہ سے کھلاڑیوں کے لیے کھیلنے کا کوئی موقع باقی نہیں رہا ہے۔
کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا یہ اسٹیڈیم اب ایک مایوس کن منظر پیش کر رہا ہے۔ اسٹیڈیم کی سیڑھیاں کائی اور گندگی سے اٹی ہوئی ہیں اور ہر طرف چوہے ہی چوہے نظر آتے ہیں۔
نواز شریف ہاکی اسٹیڈیم جو کبھی پاکستان کے لیے کھیلوں میں کامیابی کا ذریعہ تھا، آج محروم اور نظر انداز ہے۔ حکومت پنجاب کی بے حسی کی وجہ سے کھیلوں کا مستقبل تاریک نظر آ رہا ہے اور نوجوان نسل مایوس ہو رہی ہے۔
نوجوانوں کاکہنا تھا کہ حکومت پنجاب کو فوری طور پر اسٹیڈیم کی بحالی کے لیے عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیم کی دوبارہ تعمیر کر کے نوجوانوں کو ایک بار پھر کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے کا موقع فراہم کیا جا سکتا ہے۔