سیالکوٹ (باغی ٹی وی،سٹی رپورٹر مدثر رتو) دی سرجیکل انسٹرومنٹس مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (سیماپ) کے نومنتخب عہدیداروں کو اختیارات سونپنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

اس موقع پر ممبر پنجاب اسمبلی فیصل اکرام چودھری، سابق چیئرمین یوسف حسن باجوہ، سابق وائس چیئرمین محمد جمیل خان، جنرل سیکرٹری سیماپ محمد عثمان بٹ، اور دیگر اہم کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔ آلات جراحی بنانے والے کاروباری افراد کی کثیر تعداد نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد سابق چیئرمین یوسف حسن باجوہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیماپ کا دنیا بھر میں ایک ممتاز مقام ہے اور اس کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے پر انہیں فخر ہے۔ انہوں نے نومنتخب چیئرمین شیخ ذیشان طارق، سینئر وائس چیئرمین سلیمان علی مغل، اور وائس چیئرمین عبدالمومن کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔

اپنے خطاب میں شیخ ذیشان طارق نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ سیالکوٹ کی تاجر برادری، خصوصاً آلات جراحی بنانے والے کاروباری افراد کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر سیماپ کے نام اور مقام میں اضافے کے لیے دن رات کام کریں گے اور اس صنعت کے فروغ اور مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے۔

شیخ ذیشان نے مزید کہامیں نے ہمیشہ اپنے بڑوں اور سینئرز سے سیکھا ہے اور انشاللہ ان کی رہنمائی میں سیماپ کے لیے بہترین کام کروں گا۔” انہوں نے آلات جراحی کے کاروباری افراد کے ساتھ مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ وہ ہر فورم پر ان کے مسائل کے حل کے لیے آواز اٹھائیں گے۔

تقریب کے آخر میں نومنتخب چیئرمین شیخ ذیشان طارق، سینئر وائس چیئرمین سلیمان علی مغل، اور وائس چیئرمین عبدالمومن کو باقاعدہ ہار پہنا کر ان کے اختیارات سونپے گئے اور انہیں مبارکباد دی گئی۔ تقریب کا ماحول انتہائی خوشگوار اور حوصلہ افزا رہا، جس میں تمام شرکاء نے نئے عہدیداروں کو نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

Shares: